نئی دہلی،27؍مارچ (ایس او نیوز؍ یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف مختلف جماعتوں کو متحد کرکے محاذ بنانے کی مہم میں مصروف ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے آج یہاں سلسلہ وار میٹنگوں میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(ین سی پی) کے سربراہ شرد پوار کے ساتھ ساتھ تیلگو دیشم پارٹی(ٹی ڈی پی) تلنگانہ راشٹر سمیتی(ٹی آرایس) شیوسینا اور راشٹریہ جنتادل (آرجے ڈی)کے لیڈروں کے ساتھ الگ الگ ملاقات کی۔پوار کے ساتھ تقریباََ 30منٹ کی میٹنگ کے بعد انہوں نے کہاکہ میٹنگ میں لوک سبھا انتخابات کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے کہاکہ جب سیاسی لوگ ملاقات کرتے ہیں تو وہ سیاست پر ہی بات کریں گے ۔ اس میں چھپانے کی بات نہیں ہے ۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات کافی دلچسپ ہونے والے ہیں۔ممتا بنرجی نے کہاکہ وہ کل بی جے پی کے سینئر لیڈر یشونت سنہا، ارون شوری اور کچھ دیگر لیڈروں سے بھی ملاقات کریں گی۔ پوار کے ساتھ میٹنگ سے پہلے انہوں نے ٹی ڈی پی لجسلیٹیو پارٹی کے لیڈر اور سابق مرکزی وزیر آئی ایس چودھری اور پارٹی کے دیگر اراکین پارلیمان سے بات چیت کی۔ وہ ٹی آر ایس رکن پارلیمان کویتا سمیت پارٹی کے کچھ دیگر اراکین پارلیمان سے بھی ملیں۔میٹنگ میں شامل ٹی ڈی پی رکن پارلیمان رام موہن نائیڈو نے بتایا کہ ممتابنرجی نے کہاکہ ان کی پارٹی آندھراپردیش کو مالی پیکج دینے کی ٹی ڈی پی کی مانگ کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ٹی ڈی پی کو انصاف دلانے کے لئے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان اندر اورباہر اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔ نائیڈو نے کہاکہ کسانوں کے مسائل جیسے کئی قومی امور ہیں جن پر دونوں جماعتوں کی رائے یکساں ہے اور وہ متحد ہوکر جدوجہد کریں گی۔ذرائع کے مطابق ممتا بنرجی نے کویتا کو تلنگانہ میں ریزرویشن کا کوٹہ بڑھانے کی ٹی آر ایس کی مانگ کو پارلیمنٹ میں متحد ہوکر اٹھانے کا یقین دلایا ہے ۔بعد میں انہوں نے شیوسینا رکن پارلیمان سنجے راوت اور آر جے ڈی رکن پارلیمان میسا بھارتی کے ساتھ بھی میٹنگ کی۔ کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر اشونی کمار نے بھی ترنمول کی سربراہ سے ملاقات کی۔ ممتابنرجی کی ترقی پسند اتحاد کی صدر سونیا گاندھی سے بھی ملاقات کرنے کی امید ہے ۔وہ مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں سے ملاقات کرنے کے مقصد سے چار دن کے دورہ پر کل یہاں پہنچی تھیں۔ پہلے یہ کہا جارہا تھا کہ مسٹر پوار علاقائی جماعتوں کے لیڈروں کو آج عشائیہ دیں گے اورممتا بنرجی ان سے اسی دوران ملاقات کریں گی لیکن یہ ملاقات دن میں ہی پارلیمنٹ کے احاطہ میں ہوئی۔